سری لنکا کیخلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہدف ہے : وقار یونس
لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا کہ سر ی لنکا کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنا ہدف ہے اس کے لئے بلے بازوں اور باولرز کو ملکر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ورلڈکپ 2015ء اہم ایونٹ ضرور ہے لیکن اس سے قبل ہونے والی تین سیریز بھی بہت اہم ہیں، ہر میچز اور سیریز جیتنے کے لئے میدان میں اتریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کے پہلے سیشن سے قبل قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔،انہوںنے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ہماری باؤلنگ لائن تیار ہے تاہم پچیں دیکھ کر باؤلنگ اٹیک کی حکمت عملی بنائیں گے۔ انہوں نے پر اعتماانداز میں کہا کہ اگرچہ ہمارا باؤلنگ اٹیک تجربہ کار ہے اس کے باوجود ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو زیر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، فاسٹ باؤلر وہاب ریاض ، محمد طلحہ، جنید خان اور سپن اٹیک میں سعید اجمل اور عبدالرحمان کی موجودگی میں سری لنکا کے خلاف بہتر کارکردگی کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوچنگ سٹاف میں زیادہ لوگوں کو شامل کرنا یقینا فائدہ مند ثابت ہو گا، پاکستان کرکٹ بورڈ کے عدالتی معاملات کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پی سی بی کے معاملات سے کھلاڑیوں کا کوئی تعلق نہیں اور وہ معمول کے مطابق اپنی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں ۔