پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام کوچنگ کورس اختتام پذیر
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا اے ایف سی بی لایئسنس کوچنگ کورس لاہور میں اختتام پزیر ہو گیا۔ کورس کی اختتامی تقریب گذشتہ روز منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل(ر) احمد یار خان لودھی تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف نے پاکستان میں فٹ بال کے ہمہ جہتی فروغ کے لیئے کام کیا ہے اور ہم سنجیدگی سے یہ سمجھتے ہیں کہ کوچنگ کے معیار کو بلند کئے بغیر فٹ بال سمیت کسی کھیل میں ترقی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے پی ایف ایف اور قطر فٹ بال ایسو سی ایشن کے مابین ہونے والی یاد داشت کا بھی حوالہ دیا جس میں دونوں ممالک کے مابین دیگر شعبہ جات کے علاوہ کوچزکے تبادلے کا پروگرام بھی شامل ہے۔