پاکستانی کبڈی ٹیم کا احتجاج، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ نے ریویو کمیٹی بنا دی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کے احتجاج کے بعد بھارتی پنجاب کے وزیر اعلٰی نے ریویو کمیٹی بنا دی ، اگر غلط امپائرنگ ثابت ہوئی تو ٹرافی پاکستان کو دی جائے گی۔ ہفتے کو بھارتی پنجاب میں کھیلے جانے والے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت پر جیت واضح تھی جب امپائروں نے جانبدارانہ فیصلے کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو جیت دلوانے کی کوشش شروع کر دی اور مقابلہ بھارت نے 42 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے جیت لیا جس کے بعد پاکستان ٹیم کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور کھلاڑیوں نے میڈلز لینے سے انکار کر دیا۔ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے نوٹس لیتے ہوئے ریویو کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے جو امپائرنگ کے جانبدار ہونے بارے اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کے بعد اگر فیصلہ پاکستان کے حق میں آیا تو ٹرافی پاکستان کو سونپی جائے گی۔ ریویو کمیٹی تشکیل دیئے جانے کے باعث پاکستان ٹیم کی ملک واپسی بھی ملتوی کر دی گئی ہے۔