سپاٹ فکسنگ کیس: معطل کرکٹر شاہ زیب حسن ٹریبونل میں پیش ، اظہاراعتماد
لاہور(سپورٹس رپورٹر) سپاٹ فکسنگ کیس میں معطل کرکٹر شاہ زیب حسن ٹریبیونل میں پیش ہوئے جہاں انہوں نے ٹریبیونل پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ بعد ازاں شاہ زیب حسن کے وکیل کاشف رجوانہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریبیونل کی کارروائی پر مکمل اعتماد ہے، ہمیں صفائی کا پورا موقع فراہم کیا جاتا ہے جب کہ کرکٹر کی جانب سے گواہان پیش کرنےکی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ جب کہ اب 5 ستمبر تک شاہ زیب کے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو گی۔ علاوہ ازیں سپاٹ فکسنگ سیکنڈل کیس میں معطل خالد لطیف کا ایک اور یوٹرن، کارروائی کے بائیکاٹ کے بعد اب حتمی دلائل دینے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ ٹریبیونل کی کارروائی کے بائیکاٹ کے بعد اب وہ حتمی دلائل دینے پر آمادہ ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کرکٹر کے وکیل بدر عالم نے جواب تیار کر لیا جس میں کرکٹر کے پرانے موقف کا اعادہ کیا گیا ہے کہ ٹریبیونل کی کارروائی غیرقانونی ہے اور ہمیں گواہان سے جرح کرنے کا موقع نہیں دیا گیا۔کرکٹر حتمی دلائل جمع کروانے کیلیے ٹریبیونل سے 2 مرتبہ مہلت طلب کر چکے ہیں جبکہ ٹریبونل نے خالد لطیف کو 22 اگست کو دلائل جمع کرانے کا آخری موقع دیا ہے۔