حکومتی سرپرستی نہ ہونے پر باکسنگ تنزلی کا شکار
لاہور (سپورٹس رپورٹر) حکومت کی جانب سے کھیل اور کھلاڑیوں کو نظرانداز کئے جانے پر باکسنگ کا کھیل بھی تنزلی کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ اولمپک ایسوسی ایشن اور سپورٹس بورڈ کے درمیان دو سال تک جاری رہنے والی سرد جنگ کا پاکستانی کھیلوں پر منفی اثر پڑا۔ پانچ سال میں ایک بھی نیا باکسر سامنے نہیں آ سکا جو ایشیا سمیت کسی بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں پاکستان کیلئے میڈل جیت سکا ہو۔ محمد وسیم نے کامن ویلتھ گیمز کے بعد ایشین گیمز میں ملک کیلئے میڈل جیتا تھا اس کے باوجود حکومت کی جانب سے ان کی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔ پاکستان باکسنگ کے کھیل میں بھی دھڑے بندیاں شروع ہو چکی ہیں۔ سابق سیکرٹری محمد اکرم خان نے متوازی باڈی بنا رکھی ہے جبکہ باکسنگ فیڈریشن سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی۔ تربیتی کیمپوں میں پنجاب اور لاہور کے باکسرز کو نظرانداز کرکے واپڈا، ریلویز، آرمی اور ائرفورس کے باکسرز کو بلایا جاتا ہے۔ پنجاب کے باکسرز فیڈریشن کی جانب سے جانبداری کی وجہ سے سخت مایوسی کا شکار ہیں۔ باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین نے رابطہ کرنے پر کہا جب تک حکومت سپورٹس نہیں کرے گی یہ ممکن نہیں کہ ہمارے باکسرز بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلز جیت کر لا سکیں۔