جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں یونس خان شامل، یوسف ون ڈے، ٹوئنٹی 20 سے باہر

لاہور (سپورٹس رپورٹر بی بی سی ڈاٹ کام+ ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کو دس ماہ بعد دوبارہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ ان کی شمولیت گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ سے ملاقات کے بعد ممکن ہوئی۔ دوسری جانب مڈل آرڈر بیٹسمین محمد یوسف ان فٹ ہوکر جنوبی افریقہ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کے ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 میچوں سے باہر ہو گئے ہیں تاہم قومی ٹیم کے مینجر انتخاب عالم کے مطابق یوسف کو انجری کے باعث 2 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے اور ٹیسٹ سیریز سے قبل ان کا فٹنس ٹیسٹ لیکر ان کی ٹیم میں واپسی ہو سکے گی۔ یوسف 29 اکتوبر سے ٹریننگ کا آغاز کرینگے۔ یونس خان کی ٹیم میں شمولیت کا اعلان چیف سلیکٹر محسن خان نے ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ دریں اثناءٹیم کے مینجر انتخاب عالم نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی دکھانا ہوگی۔