ٹی ٹونٹی ورلڈکپ : نیپال‘ ہانگ کانگ کامیاب‘ بنگلہ دیش دوسرے رائونڈ میں پہنچ گیا‘ پاکستان بھارت مقابلہ آج ہو گا

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ : نیپال‘ ہانگ کانگ کامیاب‘ بنگلہ دیش دوسرے رائونڈ میں پہنچ گیا‘ پاکستان بھارت مقابلہ آج ہو گا

چٹاگانگ+ ڈھاکہ (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں نیپال نے افغانستان کو 9 رنز سے اپ سیٹ شکست دیدی۔ افغانستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہو سکا۔ نیپال نے پہلے کھیلنے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر اوپنر کھاریل نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، 56 رنز بنائے، ساغرپیون نے 8، جی مالا 22، کھائوکا ایک، ویسواکر 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بھنڈاری 4 اور بدایائر 2 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ شاہ پور زدران نے 2، دولت زدران، میر واعظ اشرف اور محمد نبی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان کا آغاز ہی اچھا نہ تھا اور وقفہ وقفہ سے وکٹیں گرتی رہیں۔ پوری ٹیم 8 وکٹوں پر 132 رنز بنا سکی۔ صرف 3 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہوئے۔ محمد شہزاد 6، کریم صادق 8، نجیب اللہ زدران 5، نوروز منگل 5، شفیق اللہ 36، محمد نبی ایک، اصغر ستافکزئی 49 اور سمیع اللہ شتواری 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ میر واعظ اشرف 2 اور دولت زدران صفر پر ناٹ آئوٹ رہے۔ مکھیانے 3، سومپال کامی اور گائوچن نے دو، دو جبکہ ریگمی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ مکھیا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سپر ٹین مرحلے کا آغاز آج جمعہ سے ہو گا۔ افتتاحی میچ میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چھ بجے شروع ہوگا۔ پاکستانی شاہین محمد حفیظ کی قیادت میں میدان میں اتریں گے جبکہ بھارتی ٹیم کی کپتانی کے فرائض مہندرا سنگھ دھونی انجام دیں گے۔ ون ڈے اور ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت اب تک پاکستان کے خلاف ناقابل شکست ہے۔ آج کوالیفائنگ رائونڈ کے دو میچ کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ زمبابوے اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے جبکہ دوسرا آئرلینڈ اور ہالینڈ کے درمیان سہ پہر اڑھائی بجے کھیلا جائیگا۔ بنگلہ دیش میں جاری ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ رائونڈ میں ہانگ کانگ نے بنگلہ دیش کو 2وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دیدی تاہم میزبان ٹیم بہتر رن ریٹ کی وجہ سے دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کر گئی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 16.3 اوورز میں 108 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ انعام الحق 26، شکیب الحسن 34، اور مشفیق الرحیم 23 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ندیم احمد نے 4 اور نزاکت خان نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ ہانگ کانگ نے ہدف 19.4 اوورز میں 8 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ منیر ڈار 36 اور عرفان احمد 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شکیب الحسن نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ندیم احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دوسری کوالیفائر ٹیم کا فیصلہ آج ہوگا۔