واجبات کی ادائیگی پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن خطرے میں پڑگیا
لاہور(نمائندہ سپورٹس) فرنچائزز اور بورڈ میں اختلافات کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ تھری کا انعقاد خطرے میں پڑگیا۔فرنچائزز اور بورڈ میں اختلافات نے پی ایس ایل تھری کا انعقاد خطرے میں ڈال دیا اور ٹیموں کی جانب سے واجبات ادا نہ کئے جانے پر بورڈ مالی مشکلات سے پریشان ہے۔ ذرائع کے مطابق 6 میں سے 5 فرنچائزز گزشتہ سال نومبر کی ڈیڈ لائن تک واجبات ادا نہیں کر سکی تھیں۔یو اے ای اور پاکستان میں 22 فروری سے 25 مارچ تک شیڈول تیسرے ایڈیشن کیلئے بورڈ کو درکار رقم میں 50 سے 60 لاکھ امریکی ڈالر کم پڑ جانے کا خدشہ ستا رہا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی حکام سر جوڑ کر کوئی حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، فرنچائزز کے عدم تعاون کی وجہ سے بظاہر بڑی کامیاب نظر آنے والی پی ایس ایل میں دراڑیں صاف نظر آنے لگی ہیں۔ اگر فرنچائزز کا واجبات کے معاملے میں یہی رویہ جاری رہا تو بورڈ قانونی چارہ جوئی کیساتھ ٹیموں کی دوبارہ فروخت پر بھی غور کر سکتا ہے۔ فرنچائزز کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے زرتلافی کا مطالبہ کیا تھا جس پر اس نے دباو ڈالنا شروع کردیا، ر نیوزی لینڈ سے کلین سویپ کے بعد پی سی بی نے توجہ ہٹانے کی کوشش میں پی ایس ایل کو نشانہ بناشروع کردیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے فرنچائزز کیساتھ تنازع کے بارے میں خبرپر کوئی وضاحت دینا ضروری نہیں سمجھا، تاہم کہا کہ پی ایس ایل اپنے ٹریک پر ہے میچ وقت پر ہونگے۔