انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ : وقار محبوب‘ دانش اطلس‘ ناصراقبال اور منصور زمان سیمی فائنل میں پہنچ گئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پی ایس او انٹرنیشنل سکواش چیمپئن شپ میں وقار محبوب، دانش اطلس، ناصر اقبال اور منصور زمان نے اپنے اپنے حریف کھلاڑیوں کو شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ تفیصلات کے مطابق پنجاب سکواش کمپلیکس میں گذشتہ روز کوارٹر فائنل میچز کھیلے گئے۔ پہلا میچ وقار محبوب اور کاشف خان کے درمیان کھیلا گیا۔ 42 منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ میں وقار محبوب نے 13-15، 11-1، 11-4 اور 11-9 سے کامیابی حاصل کی۔ دوسرے میچ میں دانش اطلس نے ثاقب یوسف کو سٹریٹ سیٹ میں 11-3، 14-12 اور 11-6 سے مات دی۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں ناصر اقبال نے عاقب حنیف کے خلاف 56 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 7-11، 9-11، 11-7، 11-8 اور 11-7 سکور سے کامیابی حاصل کی۔ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں منصور زمان نے فرحان زمان کو 11-6، 7-11، 11-9 اور 13-11 سے شکست دی۔ چیمپئن شپ کا پہلا سیمی فائنل وقار محبوب اور دانش اطلس کے درمیان کھیلا جائیگا اس میچ کے مہمان خصوصی میاں محمد کاشف اشفاق ہونگے جبکہ دوسرا سیمی فائنل منصور زمان اور ناصر اقبال کے درمیان کھیلا جائیگا۔ اس میچ میں محمد خالد ملک مہمان حصوصی ہونگے۔