آئی سی سی اجلاس میں بگ تھری خاتمے کی کوشش کریں گے : شہریار

آئی سی سی اجلاس میں بگ تھری  خاتمے کی کوشش کریں گے : شہریار

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے میرا استعفٰی پڑھ لیا ہے مصروفیت کی بنا پر کوئی جواب نہیں آ سکا۔ رواں ماہ آئی سی سی اجلاس میں بطور چیئرمین ہی شرکت کرونگا ۔ آئی سی سی اجلاس میں نئے آئین پر بات ہوگی ہماری کوشش ہوگی کہ اب بگ تھری کا خاتمہ ہو جائے۔ مطالبہ کیا جائےگا کہ آئی سی سی ہمیں معاوضہ ادا کرئے۔ مصباح الحق، یونس خان اور شاہد آفریدی کو فیئرویل دیا جائے گا ہماری تمام کرکٹ بیرون ملک ہو رہی ہے۔ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ نہ ہونے کی بنا پر بہت زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھارت نے ایم او یو کے تحت تین سیریز ہمارے ساتھ نہیں کھیلی ہیں ہم ان کے ساتھ کھیلنا چاہتے ہیں۔ اگر ان کی حکومت انہیں اجازت نہیں دے رہی تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے۔ میں نے استعفٰیٰ دیدیا ہے تاہم پی سی بی گورننگ بورڈ نے مجھے اپریل اور جون کے آئی سی سی اجلاس میں شرکت کی اجازت دے رکھی ہے۔ اپریل میں تو پی سی بی کی نمائندگی کرونگا تاہم جون میں کیا ہوتا دیکھا جائے گا۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے میرا استعفٰیٰ پڑھ لیا ہے ہو سکتا ہے کہ مصروفیت کی بنا پر اس پر کوئی جواب نہ دیا ہو۔ ہارون رشید کو ماضی میں نکالا نہیں تھا بلکہ عارضی طور پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ اب کمیٹی کے ذریعے ان کی تعیناتی ہوئی ہے۔