اشتہارات ڈرامہ بازی، کھیلوں کو سیاست سے الگ کیا جائے: میاں اسلم اقبال
لاہور (حافظ محمد عمران) فیصلوں میں تاخیر سے کرکٹ کا نقصان ہو رہا ہے، اشتہارات ڈرامہ بازی ہیں فیصلے کیے جا چکے ہیں۔ اداروں کے سربراہ میرٹ پر اور ایسے افراد کو بنایا جائے جو اسی شعبے سے تعلق رکھتے ہوں۔ ان خیالات کا اظہار وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ کے شرکاء نے کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ کھیلوں سے سیاست کو الگ کیا جائے۔ کرکٹ بورڈ کا سربراہ سیاسی بنیادوں پر مقرر کرنے سے کھیل کا نقصان ہو رہا ہے۔ سکول کالج کی سطح پر ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر عامر نذیر نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا ڈھنگ ہی نرالہ ہے یہاں تمام فیصلے میرٹ کے بجائے ذاتی پسند نا پسند کے مطابق کیے جاتے ہیں۔ راشد لطیف کو چیف سلیکٹر بنایا جانا چاہیے تھا۔ کرکٹ بورڈ کو ڈنگ ٹپائو پالیسی اپنانے کے بجائے میرٹ کی بنیاد پر تقرریاں کرنی چاہئیں۔ کمنٹیٹر اور سپورٹس جرنلسٹ طارق سعید نے کہا کہ وقاریونس سے معاملات طے پاچکے ہیں۔ زیادہ امکان یہی ہے کہ وہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہونگے۔ پی سی بی کو چاہیے کہ انہیں مکمل اعتماد اور اختیار دیکر کم ازکم تین چار سال کے لیے ذمہ داریاں سونپے۔