جنگ زدہ افغانستان انڈر 19- کرکٹ ایشیاء کا چیمپئن بن گئے
کوالالمپور (سپورٹس ڈیسک )) اافغانستان انڈر 19 کی ٹیم نے ملایئشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں کھیلنے جانے والے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو 185 رنز سے شکست دے کر شاندار فتح حاصل کر لی ہے۔اس ٹورنامنٹ میں افغانستان نے پاکستان کو دوسری بار ہرایا ہے، اکرام فیضی نے ناقابل شکست 107 رنز اور مجیب زدران نے 5 وکٹیں لے کر افغانستان کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، دونوں کو بالترتیب میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔اپنا دوسرا انڈر 19 ایشیا کپ کھیلنے والی افغانستان کی ٹیم کو پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو افغانستان نے پر اعتماد آغاز کیا جس کے بعد رحمان گل اور ابراہیم زادران نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بنائے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد اکرام فیضی وکٹ پر آئے اور انھوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 107 رنز بنائے جس کی مدد سے افغانستان نے اپنی اننگز سات وکٹوں کے نقصان پر 248 رنز بنا کر ختم کی۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے دو اور محمد موسیٰ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں جب پاکستانی بلے باز کریز پر آئے تو وہ افغانستان کے آفسپنر مجیب زادران کی نپی تلی بولنگ کے سامنے ایک بار پھر بے بس نظر آئے۔افغانستان کے شائقین کو خوشی منانے کا ایک اور موقع ملا جب ان کی ٹیم نے پاکستان کو فائنل میں ہرا دیا۔مجیب نے اپنے سپیل میں سات اوورز کرائے اور صرف 13 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو شکار بنایا۔ مجیب اور تین وکٹیں حاصل کرنے والے قیس احمد کی بولنگ کی وجہ سے پاکستان کی پوری ٹیم 22.1 اوورز میں 63 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی،‘ پاکستان کی جانب سے 8بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکے‘ محمد طحہ 19 اور حسن خان 10رنز بنا سکے۔واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے لیگ میچ میں بھی پاکستان کو افغانستان کے خلاف شکست فاش ہوئی تھی جب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پوری ٹیم 57 بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس میچ میں بھی مجیب زادران نے چھ وکٹیں حاصل کی تھیں۔اس کے علاوہ 16 سالہ مجیب زادران نے سیمی فائنل میں نیپال کے خلاف بھی چھ وکٹیں حاصل کی تھیں اور انھیں سیمی فائنل میں میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔