یحییٰ کلاسک باڈی بلڈنگ مقابلے 3 دسمبر کو ایکسپو سنٹر لاہور میں ہونگے
لاہور(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کی تاریخ میں سب سے بڑی انعامی رقم کے یحییٰ کلاسک باڈی بلڈنگ مقابلے 3 دسمبر کو ایکسپو سنٹر لاہور میں ہونگے۔ صوفی گروپ کے تعاون سے منعقد ہونے والے مقابلوں میں مسٹر پاکستان یحییٰ کلاسک کا ٹائٹل جیتنے والے تن ساز کو پانچ لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ گذشتہ روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں آرگنائزنگ کمیٹی کے ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت صوفی گروپ کے ایم ڈی حمزہ طارق صوفی کر رہے تھے۔ اس موقع پر یحییٰ کلاسک کے چیف ایگزیکٹو مسٹر ایشیا یحییٰ بٹ، آرگنائزنگ سیکرٹری محمد نعیم کے علاوہ ملک بھر سے یحییٰ کلاسک کے نمائندگان اور آفیشلز بھی موجود تھے۔ یحییٰ بٹ مسٹر ایشیا کا کہنا تھا کہ اس سے قبل تین کامیاب ایونٹ کرا چکے ہیں جس میں نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد شریک ہو چکی ہے۔ ہر مرتبہ ہم اپنے کامیاب تن سازوں کو اچھی انعامی رقم فراہم کرتے ہیں اس مرتبہ بھی صوفی گروپ کے تعاون سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے تن سازوں کے لیے 10 لاکھ روپے نقد انعام رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسٹر پاکستان یحیٰی کلاسک بنے والے تن ساز کو پانچ لاکھ، دوسرے نمبر پر آنے والے کو دو لاکھ جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے تن ساز کو ایک لاکھ روپے نقد انعام اور ٹرافیاں دی جائیں گی۔ اس کے علاوہ چالس سال سے زائد عمر کے تن سازوں کے لیے مسٹر کیٹگری رکھی گئی ہے جس کے فاتح کو ایک لاکھ جبکہ فزیک میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے والے تن ساز کو بھی ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ یحیٰی کلاسک مقابلوں کے آرگنائزنگ سیکرٹری محمد نعیم نے اس موقع پر ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف کمیٹیوں کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقابلوں میں شرکت کرنے والے تن سازوں اور آفیشلز کو دو دن بہترین رہائش فراہم کی جائے گی۔ مقابلوں کی رجسٹریشن کے لیے 25 نومبر آخری تاریخ رکھی گئی ہے۔