قائداعظم فٹبال ، ایس جی پی نے نیشنل بینک کواپ سٹ کردیا
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) کراچی سائوتھ فٹبال ایسوسی ایشن کے تحت کے ایم سی اسٹیڈیم میں پہلے آل کراچی نیا ناظم آباد قائد اعظم انٹر ڈپارٹمنٹل فٹبال ٹورنامنٹ کے آغاز کے ساتھ شہر کے اہم فٹبال مرکز کے ایم سی اسٹیڈیم کی رونقیں بحال ہوگئیں۔ واضح رہے کہ طویل 25 سال کے بعد کے ایم سی اسٹیڈیم میں آل پاکستان فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہورہا ہے اور اس کا کریڈٹ سابق فیفا ریفری احمد جان اور ڈی ایف اے سائوتھ کے چیئرمین ناصر کریم اورعہدیداروں کو جاتا ہے۔16 ٹیموں پر مشتمل ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں سندھ گورنمنٹ پریس نے ملک کی مقبول ٹیم نیشنل بنک کو صفر ایک گول سے شکست دیکر اپ سیٹ کردیا۔ پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ دوسرے ہاف میں نیشنل بنک نے جارحانہ حکمت عملی اختیار کی۔ جبکہ سندھ گورنمنٹ پریس کے نو عمر فٹبالرز نے اپنے سے زیادہ تجربہ کار کھلاڑیوں کاڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اختتام سے چند منٹ قبل ایک شاندار موومنٹ پرجلیل احمد نے گول کرکے سندھ گورنمنٹ پریس کو اپ سیٹ فتح دلادی۔ٹورنامنٹ کا افتتاح سابق قومی کپتان کرنل یونس چنگیزی اور سابق کپتان غلام سرور نے کیا۔ اس موقع پر سابق قومی کپتان علی نواز بلوچ‘ آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران احمد جان‘ ناصر کریم بلوچ‘‘ استاد غلام حیدر بلوچ اور سابق کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٹورنامٹ کے سلسلے میں پیر کو2 میچز کھیلے جائیں گے۔