آغا خان پارک اینڈ پلے گراؤنڈ کوڑے دان میں تبدیل
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) گارڈن ایسٹ کے گنجان علاقے میں واقع آغا خان پارک اینڈ پہلے گرائونڈ بلدیہ شرقی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کوڑے دان میں تبدیل ہوگیا ہے۔ نوائے وقت کے ایک سروے کے مطابق ایک وقت میں اس سرسبز و شاداب پارک اس علاقے کے نوجوانوںکے لئے ایک آئیڈیل مرکز تھا تاہم چند سالوں سے بلدیہ شرقی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پارک ریگستان کا منظر پیش کررہا ہے۔ پارک کا فٹبال گرائونڈ بھی تباہ ہوگیا ہے۔ پارک میں تعینات مالی چوکیدار اور دیگر عملہ غائب ہوچکا ہے۔ رات کے وقت پارک جرائم پیشہ افراد کے قبضہ میں ہوتا ہے۔ پارک کا جوکنگ ٹریک بھی نقشہ سے مٹ گیا ہے فٹبال گرائونڈ کاایک گول پوسٹ بھی چوری ہوچکا ہے۔ پانی کی فراہمی کا سسٹم بھی تباہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے فٹبال فیلڈ کی گھاس ختم ہوچکی ہے۔ معروف سماجی اور سیاسی رہنما اور آغا خان پارک واکرز کلب کے سربراہ عثمان بلوچ کے مطابق 15 سال قبل پرویز مشرف کے دور میں اس پارک کی تعمیر نو کی گئی۔ بعد ازاں جمشید ٹائون اور اب بلدیہ شرقی نے اس پارک کو بالکل نظرانداز کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے علاقے کا کوڑا اس پارک میں ڈالا جارہا ہے۔مرے ہوئے کتے بھی بلدیہ کا عملہ پارک میں دفن کررہا ہے۔ تعفن کی وجہ سے صبح سویرے پارک میں جوگنگ اور ورزش کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔واکرز کلب کے ایک اوررکن خطیب الرحمن نے کہا کہ رات کے وقت جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کا پارک پر قبضہ ہوتا ہے۔ فٹبال کوچ عبد الوحید کے مطابق چند سال قبل علاقے کے تین کلبز اسکائی اسپورٹس‘ ایاز میموریل اور بلوچ یونین کے کھلاڑی اس پلے گرائونڈ میں ٹریننگ کرنے کے ساتھ ساتھ میچز کھیلتے تھے لیکن گراس گرائونڈ کے تباہ ہونے کے بعد اب فٹبال کی سرگرمیاں معطل ہوچکی ہیں۔ آغا خان پارک واکرز کلب کے سربراہ عثمان بلوچ اور فٹبال کوچ عبد الوحید نے یوسی چیئرمین عبد الوحید بلوچ اور علاقے کے کونسلران سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے اس پارک اور پلے گرائونڈ پر نظر کرم کریں تاکہ علاقے کے نوجوان ایک بار پھر صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھ سکیں۔ فٹبال کوچ عبد الوحید بلوچ نے کہا کہ علاقے کے نوجوان فٹبال کھیلنا چاہتے ہیں تاہم فیلڈ کی ناہمواری اور ریت کی وجہ سے فٹبال کھیل ممکن نہیں۔ا نہوں نے یوسی چیئرمین کے ساتھ ساتھ میئرکراچی وسیم احمد سے مطالبہ کیا کہ گارڈن ایسٹ کے اس تفریحی مرکز اور پلے گرائونڈ کو بحال کرکے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میںشرکت کا موقع دیں۔
صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کے میدان انتہائی ضروری اور وقت کا تقاضہ ہیں
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) دنیا میں جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں اسپتال ویران ہوتے ہیں صحت افزاء ماحول اور صحت مند معاشرے کے لئے کھیلوں کے میدان انتہائی ضروری اور موجودہ حالات کا تقاضہ ہیں حکومت کھیلوں کے میدانوں کے لئے بھی سنجیدگی سے سوچے اور عملی اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصافکے حلقہ پی ایس 117 سے سابقہ امیدوار برائے صوبائی اسمبلی رفاقت عمر نے اسپورٹس منتظمین سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گارڈن ایسٹ میں واقع آغا خان پارک انتہائی ابتر صورتحال کا شکار ہے صفائی‘ روشنی اور سیکیورٹی نہ ہونے کے باعث پارک ویران رہتا ہے ضرروت اس چیز کی ہے کہ حکومت پارک کے لئے خطیر رقم مختص کرے اور لائٹس لگانے کے ساتھ ساتھ گھاس اگائی جائے اور جاگنگ ٹریک بنائے ۔ اس طرح پٹیل پاڑہ میں واقع الاآصف فٹبال گرائونڈ بھی توجہ کا منظر ہے۔ پاک بلوچ فٹبال گرائونڈ تھارولینڈ کی حالت زار بھی قابل رحم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرائونڈ کے اطراف بائونڈری وال تعمیر کرکے تجاوات کو ختم کیا جائے اور ایک خوبصورت گرائونڈ میں تبدیل کیا جائے۔