بلوچ محمڈن گولڈن جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ کی فائنل لائن اپ مکمل
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر) آل کراچی بلوچ محمڈن گولڈن جوبلی فٹبال ٹورنامنٹ کی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، سیمی فائنل میں اعظم اسپورٹس نے ماڑی پور بلوچ کو 2-1سے اور میزبان سائیڈ بلوچ محمڈن نے کلری اسٹار کو2-1 سے شکست دی۔بھیا باغ گرائونڈمیں کھیلے گئے سیمی فائنل میں اعظم اسپورٹس نیماڑی پور بلوچ کو2-1 سے قابو کرکے فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن فاروڈز کی غلط نشانہ بازی کی وجہ سے نصف درجن سے زیادہ مواقع ضائع کردیئے ۔ دوسرے ہاف میں اعظم اسپورٹس کی جانب سے 61ویں منٹ میں حسن نے گول اسکور کرکے اعظم اسپورٹس کو برتری دلادی، روف نے68 ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ کا اسکور2-0 کردیا۔ ماڑی پور بلوچ نے جوابی حملے میں کھیل کے76 ویں منٹ میں پنالٹی کک پر سیف علی نے گول کرکے مقابلہ کا اسکور2-1کردیا۔ ریفری نے جب اختتام وسل بجائی تو اعظم اسپورٹس کی ٹیم2-1 سے سرخرو ہوکر فائنل میں سیٹ کنفرم کرانے میں کامیاب رہی۔ دوسرے سیمی فائنل میں میزبان بلوچ محمڈن بہترین ٹیم کلری اسٹار کو سے ہرانے میںکامیاب ہوئی۔ بلوچ محمڈن نے2-1 سے جیت حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔بلوچ محمڈن کو پہلے ہاف کے 10ویں منٹ میں ایک فری کک ملی، جس پر مقبول نے گول بناکر اپنی ٹیم کو1-0 کی برتری دلادی۔ ہاف کے اختتام پر بلوچ محمڈن کی ٹیم1-0 سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف سے قبل مہمان خصوصی بنگلور کے ہیرو سابق ٹیسٹ کرکٹر اقبال قاسم اور ایم پی اے جاوید ناگوری کا دونوں ٹیموں سے تعارف کرایا گیا۔ان کے ساتھ خلیل ہوت، عبداللہ دشتی، راشد، استاد محمد اقبال، غلام شبیر، عبدالغنی،خدابخش، رضا خان، اشیلے جانی، رضا خان، سلیم سمائ،عبدالصمد، سمیت دیگر موجود تھے۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں 50ویں منٹ میں کلری اسٹار کو ایک فری کک ملی جس پر محمد نے گول بناکرمقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔62 ویں منٹ میں بلوچ محمڈن کے محبوب نیگیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچادیا۔