جنوبی افریقی کھلاڑی نے ون ڈے میں 490رنز بنا کر تاریخ رقم کردی
جوہانسبرگ(آئی این پی)20سالہ جنوبی افریقی کھلاڑی نے50اوورز کے میچ میں490رنز بناکر سب کو حیران کردیا۔جنوبی افریقا میں کلب میچ کے دوران 20 سالہ لڑکے شان ڈیڈس ویل نے 50 اوور کے میچ میں 490 رنز بناکر کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ بنا دیا، جنوبی افریقی کھلاڑی شان ڈیڈس ویل نے نارتھ ویسٹ یونی ورسٹی کی جانب سے کھیلتے ہوئے 151 گیندوں پر 490 رنز بنائے جس میں 57 چھکے اور 27 چوکے شامل تھے۔نارتھ ویسٹ یونی ورسٹی نے حریف ٹیم کو 677 رنز کا ٹارگٹ دیا جس پر حریف ٹیم صرف 290 رنز ہی بنا سکی۔ جنوبی افریقی کھلاڑی شان ڈیڈس ویل نے صرف اچھی بیٹنگ کا ہی مظاہرہ نہیں کیا بلکہ بولنگ میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔