چیمپئنز ٹرافی، پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ متعارف کروا دی گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کی نئی کٹ متعارف کروا دی گئی۔میگا ایونٹ کے لیے گرین شرٹس کی نئی کٹ میں گہرے اور ہلکے سبز رنگ کا استعمال کیا گیا ہے اور اس پر پی سی بی لوگو کے ساتھ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 کا لوگو بھی نمایاں ہے۔ علاوہ ازیں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹریننگ کے دوران استعمال ہونے والی کٹس بھی فراہم کر دی گئی ہیں جن میں سبز اور سرمئی رنگ کا استعمال کیا گیا ہے جو دیکھنے میں بہت دیدہ زیب ہے۔ کٹ کے اگلے حصے پر پی سی بی لوگو اور سپانسر جبکہ عقبی حصے پر سپانسر کا لوگو نمایاں ہے۔شائقین قومی ٹیم کی نئی وردی کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔ گرین شرٹس کی نئی کٹ کے ساتھ میگا ایونٹ میں پہلی انٹری برمنگھم میں روایتی حریف بھارت کے خلاف مقابلے میں ہوگی۔