کوئی ٹیم فیورٹ نہیں‘ آسٹریلیا کیخلاف فتح میں اہم کردار ادا کرونگا: احمد شہزاد

کوئی ٹیم فیورٹ نہیں‘  آسٹریلیا کیخلاف فتح میں اہم کردار ادا کرونگا: احمد شہزاد

ایڈیلیڈ (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپپنگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کرینگے۔ وہ مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہیں اور کینگروز کے خلاف کوارٹر فائنل میچ کھیلنے کے لئے بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی بائولنگ مضبوط ہے، کوارٹر فائنل جیتنے کیلئے مثبت اور جارحانہ کھیل کے ساتھ سرتوڑ کوشش کرینگے۔ناک آئوٹ میچ میں کوئی بھی ٹیم فیورٹ نہیں، جو اچھا کھیل پیش کرے گا فتح اسے نصیب ہوگی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین میچز ہمیشہ کانٹے دار ثابت ہوئے ہیں مگر ہوم گرائونڈ پر کھیلنے اور ورلڈ کپ ٹائٹل کیلئے فیورٹ ہونے کی وجہ سے دبائو آسٹریلیا پر ہوگا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہمیں جارحانہ اور مثبت کرکٹ کھیلنا ہوگی۔ آسٹریلیا کا بائولنگ اٹیک مضبوط ہے تاہم اگر ان کے پاس بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والا پیس اٹیک موجود ہے تو ہمارے پاس بھی وہاب ریاض اور راحت علی جیسے لیفٹ آرم فاسٹ بائولر ہیں جن کی مدد سے اچھی پریکٹس ہورہی ہے۔ جہاں تک مچل سٹارک کو کھیلنے کا تعلق ہے تو وہ انہیں یو اے ای میں کھیل چکے ہیں۔ ہم میچ سے قبل اپنے ویڈیو اینالسٹ کی مدد سے آسٹریلوی بائولرز کی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں اور اسی کے مطابق تیاری کر رہے ہیں۔ وہ اب تک میچوں میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور انکا اعتماد بھی بحال ہے، کوارٹر فائنل مقابلے میں دبائو کا شکار ہوئے بغیر بہتر سے بہتر کھیلنے کی کوشش کروں گا۔