پاک فضائیہ کے سربراہ کی جانب سے پاکستان سکواش ٹیم کیلئے نقد انعام

پاک فضائیہ کے سربراہ کی جانب سے پاکستان سکواش ٹیم کیلئے نقد انعام

لاہور (خبرنگار) پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر، پاک فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے پاکستان سکواش ٹیم کو حال ہی میں ہانگ کانگ میں ہونیوالی 17ویں ایشین سینئر سکواش ٹیم چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی پر نقد انعام سے نوازا۔ ناصر اقبال، فرحان زمان، فرحان محبوب اور دانش اطلس خان نے مردوں کے مقابلوں میں حصہ لیا جبکہ ماریہ طور پکئی، مقدس اشرف، ثمر انجم اور رفعت خان نے خواتین کے مقابلوں میں شرکت کی۔ مردوں کے مقابلوں میں پاکستانی ٹیم نے پول میچز میں سنگاپور، کوریا، مکاؤ کو شکست دی اور کوارٹر فائنلز میں ایران کو ہرایا۔ سیمی فائنل میں کویت کو شکست د ی اور فائنل میں ملائیشیا کو ہرا یا۔کر طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ صدر پاکستان سکواش فیڈریشن نے پاکستان سکواش ٹیم کو ملک کیلئے اعزاز جیتنے پرسراہا۔ انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سراہا جنہوں نے مقابلوں میں چھٹی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے جمشید گل(کوچ)  اور طارق ایف رانا (منیجر) کو پاکستانی دستے کی بھرپور تربیت اور رہنمائی کرنے پر مبارکباد پیش کی اور ساتھ ہی اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کھلاڑیوں کو ہرممکن معاونت فراہم کرتی رہے گی تاکہ وہ نہ صرف اپنی ورلڈ رینکنگ کو بہتر بنا سکیں بلکہ ملک کیلئے مزید نام کما سکیں۔