سمتھ کی سنچری‘ آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرا ون ڈے میچ 7 وکٹوں سے ہرا دیا
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )آسٹریلیا نے پاکستان کوتیسرے ون ڈے میچ میں ہراکر سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل کرلی۔پرتھ میں 264 رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے اننگز کا آغاز کیا اور 9 اوورز تک 44 رنز بنا لیے تاہم جنید خان نے ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرکے پاکستان کو اہم کامیابی دلادی۔ڈیوڈ وارنر 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اگلے ہی اوور میں محمد عامر نے 9 رنز پر کھیلنے والے عثمان خواجہ کو محمد رضوان کے ہاتھوں آؤٹ کر کے دوسری کامیابی دلادی۔جنید خان نے پیٹرہینڈزکومب کو مشکلات سے دوچار کردیا لیکن نو بال کے باعث ان کی ہاتھ آئی وکٹ سے محروم ہوگئے جبکہ محمد نواز نے ہینڈزکومب کو جنید کی گیند پر کیچ گرا کر ایک اور موقع دیدیا ۔کپتان سمتھ اور ہینڈز کومب نے تیسری وکٹ میں 183 رنز کی شراکت قائم کی اور ۔ہینڈز کومب 228 کے سکور پر 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی وکٹ حسن علی نے حاصل کی۔سمتھ نے کیریئر کی آٹھویں سنچری مکمل کی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا۔آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں پر 45 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔سمتھ 108 اور ٹریوس ہیڈ 23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔جنید خان، محمد عامر اور حسن علی نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے بابراعظم اور شرجیل خان کی ذمہ دارانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا ئے۔پاکستانی ٹیم آغاز میں مشکلات کا شکار نظر آئی جب محمد حفیظ صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے َ شرجیل خان اور بابراعظم نے 49 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ دوسری وکٹ 85 رنز پر گری جب شرجیل خان50رنز بناکر وکٹ دے بیٹھے۔ اسد شفیق نے پانچ رنز بناکرپویلین کی راہ لی۔ 39 رنز بنا کر شعیب ملک بھی آؤٹ ہوگئے۔بابراعظم 84 رنزبنا کرکیچ دے بیٹھے۔عمراکمل 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ عماد وسیم صرف 9 رنز کا اضافہ کرکے پیٹ کمنز کا نشانہ بنے۔پاکستان نے 7 وکٹوں پر 263 رنز بنا ئے۔محمد رضوان 19 گیندوں پر 14 اور محمد عامر 6 گیندوں پر 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔جوش ہیزل ووڈ نے3اور ٹریوس ہیڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلوی کپتان سٹیون سمتھ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔چوتھا میچ 22جنوری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔