پاکستان ٹیم میچ جیت کر سمجھتی ہے آسمان سے تارے توڑ لئے ہیں: جاوید میانداد
لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق کپتان جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم ایک میچ جیت کر سمجھتی ہے کہ اس نے آسمان سے تارے توڑ لیے ہیں، جب تک پاکستان ٹیم کی کامیابیوں میں تسلسل نہیں آئے گا اس وقت تک موجودہ سکواڈ کو میچ وننگ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیچز گرانے والی کبھی کوئی ٹیم کامیاب نہیں ہوتی۔ پاکستانی ٹیم کی شکست کی وجہ بھی ناقص فیلڈنگ رہی ہے۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کا سکور پرتھ کی وکٹ پر کم تھا جبکہ قومی سکواڈ میں ایک فاسٹ باولر کی بھی کمی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ٹیم میں شامل دو کھلاڑیوں ڈیوڈ وارنر اور کپتان سٹیو سمتھ ایسے کھلاڑی ہیں جو اکیلے ہی میچ جتوا سکتے ہیں۔ میچ میں کامیابی کے لیے ان دو کھلاڑیوں کو جلد آوٹ کرنا لازمی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے عمدہ کھیل کی بدولت پاکستان ٹیم کو قدرے بہتر سکور بنانے میں مدد کی انہیں اپنی سنچری مکمل کرنی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ آخری دس اوورز میں پاکستانی بلے بازوں نے 25 سے 30 سکور کم کیا جس کی وجہ سے مطلوبہ ہدف وہ نہیں تھا جس پر ہمارے باولرز اس کا دفاع کر سکتے۔سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف بلے بازوں کی کاکردگی سے خوشی ہوئی تاہم باؤلرز کو کاکردگی بہتر کرنا ہوگی، نشتر پارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تین سو رنز بنانا چاہیئے تھے بابر اعظم کی شکل میں پاکستان کو ایک اچھا بلے باز مل گیا ہے پر اسے اپنی پرفارمنس میں تسلسل برقرار رکھنا پڑے گا۔سیریز میں ابھی بھی قومی ٹیم کا کم بیک کا امکان ہے اورسڈنی میں ہونے والے چوتھے ون ڈے میں قومی ٹیم کو بہتر منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا۔