یوتھ فیسٹیول : تحصیل سطح پر مقابلے جاری‘ مزید 17510 کھلاڑی کامیاب

 لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنجاب یوتھ فیسٹول کے تحصیل سطح کے تیسرے مرحلے کے دوسرے روز دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے، اتوار کی چھٹی ہونے کی وجہ سے مجموعی طور پر 57ہزار2سو 33 کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا جن میں 17ہزار 510 فاتح قرار پائے۔ لاہور کے نشتر ٹاﺅن میں 96 کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں میں حصہ لیا جن میں سے 19کھلاڑی فاتح رہے۔ باسکٹ بال ایونٹ میں خان الیون نے اسد الیون کو شکست دی جبکہ شطرنج کے مقابلوں کے فاتح ذیشان قرار پائے۔شالیمار ٹاﺅن میں 176 کھلاڑی مختلف گیمز کا حصہ بنے جن میں قسمت کی دیوی 44 پر مہربان ٹھری۔ کرکٹ ہارڈ بال مقابلے میں ریاض کلب نے ٹائیگر کلب کو زیر کیا۔ عزیز بھٹی ٹاﺅن میں 168 کھلاڑیوں نے مختلف گیمز میں قسمت آزمائی کی جس میں سے 84 فاتح رہے۔ کرکٹ ٹیپ بال مقابلے میں اشرف الیون نے خادم الیون کو چاروں شانے چت کیا۔ اقبال ٹاﺅن میں 154 کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے گراﺅنڈز کا رخ کیا جن میں سے 23 پلیئرز فاتح رہے۔واہگہ ٹاﺅن میں 366کھلاڑی شریک ہوئے جن میں 151 کامیاب رہے۔لاہورڈویژن کے اضلاع شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب کی تحصیلوں میں 5808 کھلاڑیوں شریک ہوئے جن میں 1879 پلیئرز کامیاب رہے۔گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع حافظ آباد، سیالکوٹ، منڈی بہاﺅالدین ، گجرات اور نارووال کی تحصیلوں میں 2034 پلیئرز مختلف کھیلوں میں شریک ہوئے جن میں 1013 فاتح قرار پائے۔