پاکستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، امن کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا: شعیب اختر

80 فیصد پاکستانی سود خور، کل جیل جانیوالے آج حکمران، ناقص پالیسیوں سے ادارے تباہ ہو رہے ہیں
عمران خان مخلص سیاستدان، تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت ہے تاہم کوئی فیصلہ نہیں کیا، میرپور میں محفل سے خطاب
میرپور (این این آئی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باﺅلر شعیب اختر نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت سے گذر رہا ہے، امن قائم رکھنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، عمران خان ایک سنجیدہ اور مخلص سیاستدان ہیں، میرپور کرکٹ سٹیڈیم میں فرسٹ کلاس میچز نا ہونا قابل افسوس ہے، مسلمانوں پر زوال کی وجہ دین سے دوری ہے۔ 80فیصد پاکستانی سود کھاتے ہیں کل جیل جانے والے آج کے حکمران ہیں عزت دار بننے کیلئے دین کے راستے پر چلنا ہو گا، موجودہ دور میں نفسا نفسی کا عالم ہے، جاپان نے بنکوں میں سود ختم کر دیا ہے، پاکستان میں اللہ تعالیٰ نے بہت کچھ دیا ہے، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے ادارے تباہ ہو رہے ہیں، فرقہ وارانہ دہشتگردی سے ملک کا بیڑا غرق ہو رہا ہے، ہمیں اپنی اصلاح کرنی ہو گی۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے دور ہ میرپور کے دوران سابق صدر کرکٹ ایسوسی ایشن آزادکشمیر محمدنواز رتیال کی طرف سے منعقدہ دینی، علمی ، روحانی محفل سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعہ پر مرکزی انجمن تاجراں کے سیکرٹری جنرل خالد رتیال،زاہد الرحمن، طاہر اقبال، عنصر محمود مرزا، راجہ ندیم، میر طلعت، سینئر صحافی کاشف رشید، عمران احمد، قمر عباس شاہ، خالد محمود، احسان الحق کے علاوہ سینکڑوں علماءکرام اور نوجوان کرکٹ کے شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
شعیب اختر