قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ : کراچی بلیوز‘ اسلام آباد ریجن نے میچ جیت لئے

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کے 10 مراحل مکمل ہو گئے۔ سپر ایٹ مرحلہ میں کھیلے والی ٹیموں میں کراچی بلیوز اور اسلام آباد ریجنز نے حریف ٹیموں کو ہرا دیا جبکہ دو میچ بغیر کسی فیصلے کے ختم ہو گئے۔ کراچی بلیوز نے پشاور ریجن کو 4 وکٹوں سے مات دی۔ میچ کے چوتھے روز کراچی کی ٹیم کو جیت لیے 190 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 6 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ یاسر حمید نے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اسلام آباد ریجن نے کراچی وائٹس کو اننگز اور 28 رنز سے مات دی۔ کراچی وائٹس کی ٹیم دوسری اننگز میں 201 رنز بنا سکی۔ اسلام آباد کے شہزاد اعظم نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ لاہور شالیمار اور سیالکوٹ کی ٹیموں کے درمیانمیچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ راولپنڈی اور ملتان ریجن میچ کا بھی کوئی نتیجہ نہ نکل سکا۔ لاہور راوی اور فیصل آباد ریجن جبکہ سپورٹس کمپلیکس مردان میں بہاولپور اور ایبٹ آباد ریجن کا میچ بھی بے نتیجہ رہا۔پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ کے دسویں مرحلہ میں پورٹ قاسم، یو بی ایل، حبیب بنک اور واپڈا کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔ حبیب بنک اور زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیموں کے درمیان میچ میں حبیب بنک نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ زرعی ترقیاتی بنک کی ٹیم 153 پر ڈھیر ہو گئی۔ یاسر حمید 57 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔احسان عادل نے 16 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ حبیب بنک نے ہدف 4 وکٹوںپر پورا کر لیا۔۔ واپڈا نے کے آر ایل کو سات وکٹوں سے مات دی۔ کے آر ایل کی ٹیم 157 پر ڈھیر ہو گئی۔ واپڈا کی ٹیم نے ہدف تین وکٹوں پر پورا کر لیا یو بی ایل نے سٹیٹ بنک کو 7 وکٹوں سے مات دی۔ ا سٹیٹ بنک کی ٹیم نے 115 رنز بنائے۔ کاشف بھٹی نے پانچ شکار کیے۔ 116 رنز کا ہدف یو بی ایل نے تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ پورٹ قاسم نے پی آئی اے کو 6 رنز سے مات دیدی۔ پورٹ قاسم نے 9 وکٹوں پر 239 رنز بنائے۔ پی آئی اے ٹیم فیصل اقبال کی سنچری کے باوجود 233 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔