شارجہ ٹیسٹ : پاکستان 341 پر آﺅٹ‘ سری لنکا کی برتری 220 رنز‘ پانچ وکٹیں باقی

شارجہ ( سپورٹس ڈیسک +آئی این پی) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ ڈرا کی طرف گامزن۔چوتھے روز سری لنکا نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 133 رنز بنا لئے تھے ، پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 341 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی تھی ، سری لنکا کو 87 رنز کی برتری کے ساتھ اب 220 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہے۔ چوتھے روز پاکستان نے 6 وکٹوں پر 291 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی ، کپتان مصباح الحق 36 رنز پر کھیل رہے تھے ، مصباح الحق کا ساتھ دینے عبدالرحمن آئے لیکن صرف 3 رنز کے اضافہ سے وہ آﺅٹ ہوکر واپس لوٹ گئے ، پاکستان کی ساتویں وکٹ 294 پر گری جبکہ 8ویں وکٹ 298 پر گئی جب طلحہ بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے ۔ اس کے بعد سعید اجمل اور مصباح سکور کو 325 پر لے گئے اس مرحلہ پر مصباح الحق بھی ہمت ہار گئے اور وہ 63 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئے جس کے بعد جنید نے 2 چھکوں کی مدد سے سکور کو 341 تک پہنچا دیا تاہم وہ اس موقع پر چھکا مارنے کی کوشش میں آﺅٹ ہوگئے اور پاکستان کی پوری ٹیم سری لنکا کی پہلی اننگز 428 کے جواب میں 341 رنز پر آﺅٹ ہوگئی ۔ ہیراتھ نے 5 اور ایرنگا نے 4 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا ۔ چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے 5 وکٹوں پر 133 رنز بنا کر پاکستان کے خلاف 220 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی ۔ ٹیسٹ کے 5 ویں اور آخری روز آج پہلے سیشن میں اگر سری لنکا نے جارحانہ انداز اپنایا یا پھر پاکستان زیادہ رنز دیئے بغیر باقی وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا تو یہ ٹیسٹ نتیجہ خیز بھی ثابت ہوسکتا ہے ۔ سری لنکا کی طرف سے دوسری اننگز میں سلوا 36 اور جے وردھنے 46رنز بنا کرنمایاں رہے۔ اینجلو میتھیوز 14اور وکٹ کیپر پرسنا جے وردھنے 6رنز پر کھیل رہے ہیں۔ پاکستان کی طرف سے طلحہ اور عبدالرحمن نے 2-2 اور سعید اجمل نے 1 وکٹ حاصل کی ۔