ہملٹن ٹیسٹ : نیوزی لینڈ نے بنگہ دیش کو 121 رنز سے ہرا دیا

ہملٹن (اے پی پی) نیوزی لینڈ نے واحد کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 121 رنز سے ہرا دیا۔ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز 553 رنز 7 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے 408 رنز بنائے تھے۔ کیوی ٹیم نے میچ کے چوتھے روز دوسری اننگز بھی 258 رنز 5 کھلاڑی آﺅٹ پر ڈکلیئر کرکے بنگلہ دیش کومیچ جیتنے کےلئے 404 رنز کا ہدف دیا تھا جس کو حاصل کرنے کی کوشش میں بنگلہ دیش ٹیم کپتان شکیب الحسن کی سنچری کے باوجود282 رنز بنا سکی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ایک ٹوئنٹی 20، 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد واحد ٹیسٹ میچ میں بھی 121رنز سے ہرا دیا۔ شکیب الحسن کی سنچری بھی اپنی ٹیم کو یقینی شکست سے نہ بچا سکی ۔ مارٹن گپٹل کومیچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔ کیویز کی طرف سے ٹم ساﺅتھی نے 3،ڈینیئل ویٹوری اورجیتن پٹیل نے دو دو جبکہ کرس مارٹن اور ڈیرل ٹفی نے ایک ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ جمعہ کو میچ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیشی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 88رنز 5 کھلاڑی آﺅٹ پردوبارہ شروع کی تومشفیق الرحیم 10رنزپرکھیل رہے تھے ۔ مشفیق الرحیم اپنے گذشتہ روز کے سکور میں 12رنزکا اضافہ کرنے کے بعد 22رنز بنا کر ڈیرل ٹفی کی گیند پر ٹم میکلن ٹوش کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے،محمود اللہ ساتویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو42رنز بنا کر جیتن پٹیل کی گیند پر ڈیرل ٹفی کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے۔ اس موقع پر کپتان شکیب الحسن کی عمدہ اننگزکا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ اپنی سنچری مکمل کرنے کے بعد ٹم ساﺅتھی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے، انہوں نے 3چھکوں اور15چوکوں کی مدد سے 100رنزبنائے بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 282 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور یوں کیوی ٹیم نے بنگلہ دیش کو واحد کرکٹ ٹیسٹ میچ میں 121رنز سے ہرا دیا۔ نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔