واپڈا کو شکست‘ پریذیڈنٹ کرکٹ کپ سوئی ناردرن کے نام

لاہور (سپورٹس رپورٹر) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے واپڈا کو 32 رنز سے ہرا کر پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ جیت لیا۔ واپڈا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سوئی گیس کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 283 رنز بنائے۔ محمد حفیظ اور توفیق عمر نے اوپننگ شرکت میں 125 رنز بنائے جس کی بدولت سوئی گیس اچھا ٹارگٹ بنانے میں کامیاب رہی۔ محمد حفیظ 58، توفیق عمر 79، اظہر علی 33، عمر اکمل 9، کپتان مصباح الحق 34، خرم شہزاد 42، محمد رضوان 15، بلال بھٹی صفر رنز بنا کر آ¶ٹ ہوئے۔ جنید خان نے 2، ناصر ملک نے 3، سعد نسیم نے 2 اور تنزیل الطاف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واپڈا کی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور 8 کے مجموعی سکور پر 2 وکٹیں گر گئیں۔ سیمی فائنل میں سنچری بنانے والے رفعت اللہ مہمند فائنل میں کچھ کر دکھانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے صرف 7 رنز بنائے۔ سعد نسیم ایک، شعیب مقصود 57، علی عظمت 39، عامر سجاد 29، محمد ایوب 66 ناٹ آ¶ٹ، کپتان رانا نویدالحسن ایک، تنزیل الطاف 8، ذوالفقار بابر 9، جنید خان 18 رنز بنا کر آ¶ٹ ہوئے۔ ناصر ملک 2 رنز پر ناٹ آ¶ٹ رہے۔ اسدعلی نے 4، یاسر شاہ نے 2، محمد حفیظ اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واپڈا کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا سکی۔ اسد علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔