یوتھ فیسٹیول : عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے طلبہ‘ شہریوں میں جوش و خروش بڑھ گیا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب یوتھ فیسٹیول 2012ءمیں نئے عالمی ریکارڈ بنانے کیلئے طلباءو طالبات سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد میں جوش و لولہ بڑھ گیا ہے ۔ جس کا عملی نمونہ گزشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سب سے بڑا انسانی پرچم بنانے کیلئے ہونے والی فل ڈریس ریہرسل میں نظر آیا۔ پنجاب یوتھ فیسٹیول کے چیف آرگنائزر رانا مشہود احمد اور ڈی جی سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز عثمان انور نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ہونے والی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑا انسانی جھنڈا اور موزیق بنانے کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے اور اب یہ ریکارڈ 22اکتوبر کو بنایا جائے گا۔ جس میں 25 ہزار طلبا وطالبات شرکت کریں گے جبکہ 70 ہزارحاضرین اس کو دیکھنے کیلئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں موجود ہونگے۔ 21 اکتوبر کو ایکسپو سنٹر میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستانی شاہین مختلف شعبوں میں عالمی ریکارڈز قائم کر کے ملک کا نام روشن کریں گے جبکہ افتتاحی تقریبات 20 اکتوبر کو نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوگی ۔ رانا مشہود احمد نے کہا کہ خادم اعلی کے ویژن کے مطابق ان کھیلوں میں تمام سیکٹرز کو شامل کیا گیا ہ اور ان سرگرمیوں کا عروج دیکھتے ہوئے گینز ورلڈ ریکارڈ کے نمائندوںنے مستقل طور پر یہاں اپنا دفتر قائم کر لیا ہے جو ہماری ان سپورٹس سرگرمیوں کو پوری دنیا میں دیکھائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مقابلوں میں شرکت کے لئے 14 ہزار کھلاڑی لاہور پہنچ چکے ہیں۔ بھارتی پنجاب کی حکومت نے یوتھ فیسٹیول میں کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو انڈیا کے دورہ کی دعوت دی گئی ہے ۔ انٹرنیشنل سپورٹس ایونٹ میں 29 ممالک نے ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کی رضا مندی ظاہر کر دی ہے ۔ ڈی جی سپورٹس بورڈ اینڈ یوتھ افیئرز عثمان انور نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سب سے بڑے انسانی پرچم کی تیاری کیلئے ہونے والی فل ڈریس ریہرسل کا جائزہ لیا اور طلباءو طالبات کے جوش و خروش کو سراہا انہوں نے کہا کہ عالمی ریکارڈز بنانے کی تمام تر تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہفل ڈریس ریہرسل میں 21ہزار طلباءوطالبات نے حصہ لیا ہے اور 22تاریخ کو بنائے جانے والے انسانی پرچم میں 25ہزار طالباءو طالبات شرکت کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کچھ کرنے کا جذبہ رکھتی ہے اور یوتھ فیسٹیول میں لوگوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے۔