پاکستان کرکٹ بورڈ کا اجلاس آج ہو گا‘ عبدالرزاق بھی پیش ہونگے

پاکستان کرکٹ بورڈ کا اجلاس آج ہو گا‘ عبدالرزاق بھی پیش ہونگے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کا خصوصی اجلاس آج چیئرمین پی سی بی ذکاءاشرف کی زیرصدارت قذافی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں چیئرمین پی سی بی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے علاوہ ٹیم مینجمنٹ کے ارکان سے بھی ملاقات کرینگے۔ ذرائع کے مطابق آل را¶نڈر عبدالرزاق بھی چیئرمین سے ملاقت کرینگے اور انہیں وضاحت دینگے کہ انہوں نے سری لنکا سے واپسی پر ٹیم کپتان کو کن وجوہات کی بنا پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ قوی امکان ہے کہ ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان محمد حفیظ بھی اس موقع پر موجود ہونگے۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹننگ آفیسر سبحان احمد اور ڈائریکٹر گیم ڈویلپمنٹ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور انتخاب عالم کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔ چیئرمین پی سی بی گذشتہ چند روز سے سابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی ماجد خان سے دو ملاقاتیں کر چکے ہیں اور قوی امکان ہے کہ انہیں بورڈ میں کسی اہم عہدے کے لئے راضی کرکے ان سے کام لیا جائے۔