ہاکی ٹورنامنٹ : آسٹریلیا نے ہالینڈ ‘ چین نے انگلینڈ کو شکست دیدی

سڈنی (نیٹ نیوز) ویمنز چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا نے ہالینڈ کو 2-1 سے شکست دے دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ انتہائی دلچسپ تھا۔ ہالینڈ کی ٹیم نے کھیل کے آخری لمحات میں میچ برابر کرنے کے لئے آسٹریلیا کے گول پوسٹ پر کئی حملے کئے لیکن آسٹریلوی ٹیم کے دفاعی حصار نے ان کی تمام کوششیں بے کار کر دیں اور اپنی ٹیم کو اہم ترین میچ میں 2-1 سے کامیابی دلا دی۔ گذشتہ روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں چین نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا دیا۔ گذشتہ روز جرمنی اور ارجنٹائن کے درمیان کھیلا جانے والا میچ برابر رہا۔ دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں کوئی گول نہ کر سکیں۔ ویمنز چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے گذشتہ روز کھیلے جانے والے میچوں کے بعد ارجنٹائن 11 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ آسٹریلیا 10 پوائنٹس کیساتھ دوسرے جبکہ ہالینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔