ویسٹ انڈیز کیخلاف جیت کیلئے میدان میں اتریں گے:احمد شہزاد

ویسٹ انڈیز کیخلاف جیت کیلئے میدان میں اتریں گے:احمد شہزاد

کرائسٹ چرچ (اے پی پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز احمد شہزاد نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف شکست ماضی کا حصہ بن گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم شکست کو بھلا کر ویسٹ انڈیز کے خلاف میدان میں کامیابی کے لئے میدان میں اترے گی۔ پاکستانی ٹیم نے گیارہویں آئی سی سی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کالی آندھی کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیاریوں کا آغاز کر دیا۔ دونوں ٹیمیں گروپ بی کے اہم میچ میں 21 فروری کو آمنے سامنے ہوں گی اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق میچ ہفتہ کی علی الصبح 3 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کو ابتدائی میچز میں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ گرین شرٹس کو روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی جبکہ آئرلینڈ نے کالی آندھی کو ہرا کر میگا ایونٹ میں پہلا بڑا اپ سیٹ کیا۔ ابتدائی میچوں میں شکستوں کے بعد دونوں ٹیموں کیلئے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور ان کی کوشش ہو گی کہ میچ میں فتح حاصل کر کے میگا ایونٹ میں جاندار واپسی کریں۔