ورلڈباکسنگ کونسل کے صدر نے پاکستانی قوم کو ’’نیشن آف چیمپئنز قرار دیدیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) ورلڈ باکسنگ کونسل کے صدر ماریشیو سلیمان نے پاکستانی قوم کو ’’نیشن آف چیمپئنز ‘‘ قرار دیدیا ہے، دورہ پاکستان سے واپسی پر میکسیکو میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی ویب سائٹ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ماریشیو سلیمان نے لکھا ہے کہ پاکستان عظیم ملک ہے دورہ تاریخی رہا، مجھے یقین ہے کہ مستقبل میں پروفیشنل باکسنگ چیمپئن پاکستان سے ہوگا ،سانحہ پشاور کے بعد پاکستانی قوم دہشت گردی کیخلاف مزید پرعزم اور متحد ہوگئی ہے، پاکستان کے لوگ ملنسار اور محبت کرنیوالے ہیں، انہوں نے مزید لکھا کہ صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خاں اور ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کی جب دورہ پاکستان کی دعوت قبول کی تو مجھے امن وامان اور دہشت گردی کے حوالے سے ڈرایا گیا مگر یہاں آکر ایک لمحہ کیلئے بھی خوف محسوس نہیں ہوا، لاہور کے شہری انتہائی ہنس مکھ، ملنسار اور محبت کرنیوالے ہیں، یہاں ہر شخص نے مسکرا کر خوش آمدید کہا، لاہور کے لوگ اپنی ثقافت سے بہت محبت کرتے ہیں، ان کو انتہائی محنتی پایا۔ پنجاب جمنیزیم میں 12پاکستانی نوجوانوں کی باکسنگ پرفارمنس نے مجھے حیرت زدہ کردیا جس پر پاکستان سے وعدہ کیا ہے کہ5 نوجوانوں کو رومانیہ، پانامہ اور سپین میں تربیت دلائیں گے اس کے علاوہ میکسیکو میں بھی ایک سیشن کرایا جائے گا۔ صدر ورلڈ باکسنگ کونسل نے یوتھ افیئرز کے چیئرمین حمزہ شہباز شریف کے بارے میں لکھا ہے کہ ان کی شخصیت متاثرکن ہے، پاکستان کے عوام ان سے بہت محبت کرتے ہیں، پنجاب یوتھ فیسٹیول کی اختتامی تقریب کا ذکر کرتے ہوئے ماریشیو سلیمان نے لکھا کہ میں نے اپنی تقریر نوجوانوں کے نام کی ہے تاکہ وہ سپورٹس کی طرف راغب ہوں، پاکستان کو ورلڈ باکسنگ کونسل کی رکنیت کا سرٹیفکیٹ بھی دیا۔ ماریشیو سلیمان نے دہشت گردی کے حوالے سے لکھا ہے کہ سانحہ پشاور نے پاکستانی قوم کو دہشت گردی کیخلاف مزید پرعزم کردیا ہے اور قوم دہشت گردی کیخلاف متحد ہوگئی ہے،عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان کا ذکر کرتے ہوئے ماریشیو سلیمان لکھتے ہیں کہ ورلڈ باکسنگ کونسل نے عامر خان کو امن کا سفیر مقرر کیا ہے اور عامر خان پاکستان میں باکسنگ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرینگے۔