چوتھا ون ڈے شیڈول کے مطابق کھیلنا اچھا فیصلہ تھا : توقیر ضیاء
لاہور (حافظ محمد عمران، نمائندہ سپورٹس)نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھا ون ڈے میچ شیڈول کے مطابق کھیلنا کرکٹ بورڈ کا اچھا فیصلہ ہے۔ ہم پہلے ہی اپنے ملک میں کرکٹ نہیں کھیل رہے۔ متحدہ عرب امارات میں بھی اپنے میچوں کو ملتوی کریں گے تو دنیا کو کیا پیغام جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین لیفٹینٹ جنرل (ر) تو قیر ضیاءنے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونس خان کا اپنا نقطہ نظر ہے، انہیں خیالات کے اظہار کی آزادی حاصل ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود کا کہنا تھا کہ کرکٹ عوامی جذبات ا ور احساسات سے بڑھ کر نہیں ہے۔ سانحہ پشاور کی نوعیت اور جذباتیت کے پیش نظر پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین چوتھے ون ڈے میچ کا شیڈول تبدیل کر دینا مناسب ہوتا‘ دباﺅ میں آکر شیڈول تبدیل نہ کرنا افسوسناک ہے۔ سابق چیف سلیکٹر محسن حسن خان کا کہنا تھا کہ لوگ دھاڑیں مار مار کر رو رہے تھے اور ہماری ٹیم کھیل رہی تھی۔ اس سے زیادہ شرم دکھ اور افسوس کی کوئی بات نہیں ہوسکتی۔ چوتھا ون ڈے ملتوی ہونا چاہئے تھا۔