ایشیا ہاکی کپ: پاکستان کا آج سپر فور میں ملائیشیا سے مقابلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشین ہاکی فیڈریشن نے 10 ویں ایشیا کپ کے دوسرے راونڈ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے جس کے مطابق سپر فور میں جگہ بنانے والے پاکستان، بھارت، کوریا اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان میچ کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم سپر فور میں اپنا پہلا میچ آج بروز بدھ کو ملائیشیا کے خلاف کھیلے گی۔ ملائیشیا نے گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ پاکستان گروپ اے میں دوسرے نمبر پر رہا تھا۔ آج ہی بھارت جنوبی کوریا کے مد مقابل ہوگا۔ کل پاکستان ٹیم کا مقابلہ جنوبی کوریا کے ساتھ جبکہ بھارت اور ملائیشیا کی ٹیموں کے درمیان جوڑ پڑے گا۔ 20 اکتوبر کو آرام کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان اور روایتی حریف بھارت کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی جبکہ دوسرے میچ میں کوریا اور ملائیشیا کی ٹیموں میں جوڑ پڑے گا۔ سپر فور میں پہلی دو پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں فائنل کھیلیں گی جبکہ دیگر دو ٹیموں کے درمیان تیسرے اور چوتھی پوزیشن کے لیے معرکہ ہوگا۔