فکسنگ پر کھلاڑیوں کو سزا ، میچوں کے نتائج پر آئی سی سی قانون خاموش

کراچی (شعیب احمد، وقت نیوز) پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی سی سی کی جانب سے سزائیں سنا دی گئی ہیں جبکہ لندن کے ”کراون پراسیکیوشن“ میں سلمان بٹ اور محمد آصف کیخلاف کریمنل ایکٹ کے تحت مقدمہ بھی چل رہا ہے لیکن حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں کو تو سزا کا مرتکب قرار دیا جا رہا ہے لیکن ان میچز کے نتیجوں کے بارے میں کسی کو کچھ علم نہیں۔ ”وقت نیوز“ نے آئی سی سی سے رابطہ کیا کہ اگر ان کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ تنازعے میں سزا دی جائے گی تو کیا میچوں کا نتیجہ بدلا جائے گا جس پر آئی سی سی کے ترجمان نے جواب دیا کہ چونکہ یہ معاملہ ابھی عدالت میں ہے اس لئے آئی سی سی اس بارے میں کوئی بیان نہیں دے گا۔ ”وقت نیوز“ کی تحقیق کے مطابق آئی سی سی قوانین میں کھلاڑیوں کو تو سزا ہے مگر میچز کے بارے میں قانون خاموش ہے۔ اسی طرح انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا جواب بھی اسی طرح کا تھا۔ پی سی بی کے سابق چیف ایگزیکٹو عارف علی خان عباسی کا کہنا تھا کہ آئی سی سی میں ایسا کوئی قانون نہیں ہے جس سے میچ کا نتیجہ بدلا جائے۔ چونکہ ان میچوں میں پاکستانی کرکٹرزکی فکسنگ ثابت ہو رہی ہے تو ایسے میں ان میچوں کو بلانتیجہ قرار دیا جائے۔