سلیکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے پیسے لیتے ہیں:ذوالقرنین حیدر

لاہور+کراچی ( سپورٹس رپورٹر +ریڈیو نیوز) قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر‘ بیٹسمین ذوالقرنین حیدر نے کہا ہے کہ اکمل برادران ٹیم میں سیاست کرتے ہیں شاہد آفریدی کو ہٹانے میں بھی اکمل برادران کا ہاتھ تھا۔ نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اکمل برادران اپنے بھائیوں کی جگہ بنانے کیلئے کھلاڑیوں کو ٹیم سے باہر کرواتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سلیکٹرز ڈومیسٹک کرکٹ کھلانے کیلئے کھلاڑیوں سے پیسے لیتے ہیں۔ وقار یونس بھی کھلاڑیوں کی لابی کا حصہ تھے۔ سابق وفاقی وزیر کھیل اعجاز جاکھرانی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے پرفارمنس کی بنیاد پر ٹیم میں میری جگہ دلوائی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مظہر مجید کھلاڑیوں کے ساتھ پھرتا تھا میں بھی مظہر مجید کو ایجنٹ بنانا چاہتا تھا لیکن ایک سینئر کھلاڑی نے روک دیا اور کہا کہ مظہر مجید اچھا آدمی نہیں۔لاہور (سپورٹس رپورٹر) دریں اثناءکامران اکمل نے کہا کہ ذوالقرنین حیدر کے الزامات میں کوئی حقیقت نہیں ۔ جلد اپنے وکلا سے مشورہ کرنے کے بعد اس کیخلاف قانونی چارہ جوئی کرونگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم میں جگہ بنائی ہے اور جلد دوبارہ ٹیم کا حصہ بن جاوں گا جس کیلئے محنت جاری رکھے ہوئے ہوں۔