ورلڈ کپ میں فیورٹ نہ ہونے سے ٹیم پر دبائو کم ہو گا: وقار یونس

ورلڈ کپ میں فیورٹ نہ ہونے سے ٹیم پر دبائو کم ہو گا: وقار یونس

لاہور(نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی کپ کیلئے فیورٹ نہیں جس سے ٹیم پر دبائو کم ہوگا۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ فیورٹ اور حریف ٹیموں کیلئے خطرناک ثابت ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کپ کیلئے بہترین ٹیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ کوشش ہے کہ ورلڈ کپ سے پہلے محمد حفیظ کا بائولنگ ایکشن کلیئر ہو جائے۔ ٹیم میں شامل تیز گیند بازوں سے اچھی توقعات ہیں۔ مصباح الحق اور شاہد آفریدی کیریئر کے آخری عالمی کپ میں بہتر کارکردگی کے لئے پر عزم ہیں۔ عمر اکمل، صہیب مقصود، محمد عرفان اور محمد حفیظ سے عمدہ کارکردگی کی توقع ہے۔ لاہور کی کنڈیشنز آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ سے قطعی مختلف ہیں۔ میگا ایونٹ سے قبل کھلاڑی حالات سے ہم آہنگ ہو جائیں گے۔ جنید خان کی انجری حادثے سے کم نہیں ہے امید ہے کہ وہ جلد فٹ ہو جائیں گے عالمی کپ میں پہلے ہی میچ میں اگر ٹیم بھارت کے خلاف کامیاب ہو گئی تو کھلاڑیوں کا اعتماد بلند ہو جائے گا‘فتح کیلئے پر عزم ہیں۔ ا ہمارا مقصد کھلاڑیوں کو متحد رکھنا ان سے صلاحیتوں کے مطابق کام لینا اور سو فیصد کارکردگی لیتے ہوئے متوازن ٹیم کا انتخاب کرنا ہے۔ ایک متوازن ٹیم کا انتخاب ہماری ترجیح ہے۔