ہاکی کوچز کیلئے بیسک ڈویلپمنٹ کورس جاری

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس پنجاب اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہاکی کے کوچز کے لئے بیسک ڈویلپمنٹ کوچنگ کورس کے دوسرے دن پنجاب سپورٹس اکیڈمی، نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ڈی آئی جی پنجاب الطاف قمر نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب جمشید داﺅدی نے انہیں کورس کی افادیت اور اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔ کوچز کو خواجہ محمد جنید اولمپئن، چیف کوچ/مینجر، محمد اجمل اسسٹنٹ کوچ اور ویڈیو اینالسٹ ندیم لودھی ٹریننگ دے رہے ہیں۔ اس موقع ڈی آئی جی پنجاب الطاف قمر نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس اور سپورٹس بورڈ پنجاب کی طرف سے اس طرح کے کورسز کا انعقادکوچز اور کھلاڑیوں کے لئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے صوبہ بھر سے کورس کے لئے آئے ہوئے کوچز کو دیکھ کر خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تنظیم الفجر کے ڈاکٹر اکمل اور ڈاکٹر ریاض نے ڈرگ فری پروجیکٹ لاہور سٹی کے بارے میں کوچز کو بتایا کہ ڈرگ فری نوجوان ہی بہترین کھلاڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔