کھلاڑیوں کو ایجوکیٹ کرنا ہو گا ورنہ عامر جیسے واقعات ہوتے رہیں گے : عامر سہیل

لاہور (اشرف چودھری/سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے کہا ہے کہ بورڈ کو ڈومیسٹک لیول پر اپنے کھلاڑیوں کو ایجوکیٹ کرنا ہوگا ورنہ عامر، آصف اور سلمان بٹ جیسے واقعات رونما ہوتے رہیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہئے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کی جاب کا مسئلہ حل کرے تاکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں آنے پر انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سیریز کا انعقاد ابھی ممکن نہیں جس بھارت نے آسٹریلوی ٹیم میں شامل پاکستانی نژاد عثمان خواجہ کو ویزا جاری نہیں کیا وہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کیسے بحال کر سکتا ہے! انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی سی بی توقیر ضیاءکے ساتھ مل کر ایک ایسا پروگرام ترتیب دیا گیا تھا کہ 2012ءتک ڈومیسٹک کرکٹ کے 200 کھلاڑیوں کو پچاس لاکھ روپے دیئے جائیں تاکہ کھلاڑیوں کے معاشی معاملات حل ہو سکیں لیکن بورڈ نے ہمارے ان کھلاڑیوں کا بھی حق مار دیا۔ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو دیتا کیا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنا پورا دھیان اس پر لگا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کھلاڑیوں کو ماہانہ کنٹریکٹ پر جاب مل رہی ہیں جب تک ان کے مستقل روزگار کا بندوبست نہیں ہوگا کھلاڑی غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہوتے رہیں گے۔