روس میں سٹریٹ چلڈرن فٹ بال کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں تقریب
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی )وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی مستقبل ہیں جسے محفوظ،روشن اور تعلیم یافتہ بنانے کے لئے حکومت تندہی سے کام کررہی ہے۔ گلی کوچوں سے اٹھنے والے بچوں نے بھارت اور روس سمیت دنیا کی گیارہ فٹ بال ٹیموں کا شکست دے کر ثابت کردیا ہے کہ مناسب تربیت اور سرپرستی ملنے پر نوجوان ہر شعبہ میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ نیشنل پریس کلب میں ’سٹریٹ چلڈرن فٹ بال‘ کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پورے پاکستان کے لئے یہ بہت فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ ہمارے گلی کوچوں میں کھیلنے والے عام بچوں نے روس میں فٹ بال مقابلوں میں شاندار فتح حاصل کی اور بہترین کھیل سے اپنی صلاحیتوں کی داد پائی۔ ہمارے نوجوان صلاحیت اور جذبے کے لحاظ سے دنیا میںکسی سے کم نہیں۔ یہ بچے پاکستان کا حقیقی چہرہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں تنقید کے ساتھ ساتھ اچھے کاموں اورجذبوں کی حوصلہ افزائی کی روش اپنانا ہوگی تاکہ معاشرے میں امید اوریقین کی مثبت روایات پروان چڑھیں جو افراد کی نشوونما اور مثبت رویوں کے فروغ کے لئے ناگزیر ہے۔ عرفان صدیقی نے سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ٹیم کے کپتان محمد عبداللہ سمیت تمام کھلاڑیوں اور منتظمین کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ یہ ٹیم مئی 2018ء میں روس میں ہونے والاسٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ جیت کر پاکستان کا نام ایک بار پھر پوری دنیا میں روشن کرے اور پوری قوم ان کا استقبال کرے۔ انہوں نے مسلم ہینڈز اور نیشنل پریس کلب کو بھی خراج تحسین پیش کیاگیا۔ کہ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کے لئے تقریب منعقد کرکے ایک مثبت مثال قائم کی جس سے دیگر نوجوانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔انہوں نے اس مقصد کے لئے حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کا بھی یقین دلایا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے کھیلوں کے وزیر چوہدری محمد سعید، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ منصوراحمد خان، مسلم ہینڈ انٹرنیشنل کے ایڈوائزر راجہ اسلان، فٹ بال ایسوسی ایشن اسلام آباد کے صدر چوہدری صغیر، نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم، سیکریٹری عمران یعقوب ڈھلوں بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر مشیر وزیراعظم عرفان صدیقی نے کھلاڑیوں اور ٹیم آرگنائزرز میں طلائی تمغے اور اسناد تقسیم کیں۔