لاہور میں چیمپئنز لیگ کے انعقاد کی تیاریاں شروع

لاہور(سپورٹس رپورٹر) دی ایجوکیٹر اور لاہور بادشاہ کے اشتراک سے کرکٹ چیمپئنز لیگ کے انعقاد کی تیاریوں کا آغاز ہو گیا۔ اس بات کا اعلان پراجیکٹ ڈائریکٹر علی رضا نے کیا جبکہ اس موقع پر گریس کرکٹ بورڈ کے صدر جوزف نکیٹس، انٹرنیشنل افیئرز کے نکولیک نے  جی ایم سیلز ایاز خان اور لاہور بادشاہ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وارد حامد محمود بھی موجود تھے۔ تقریب میں چیمپئنز لیگ کے لوگو اور یونیفارم کی تقریب رونمائی بھی کی گئی۔  اس موقع پر گریس کرکٹ بورڈ کے صدر جوزف نکیٹس نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے کرکٹ کھیلنے والے ٹاپ ممالک میں ہوتا ہے جبکہ شاہد آفریدی کے چھکوں کی بناء پر بھی دنیا میں کرکٹ کی پہچان ہے۔ میرے لئے اعزاز کی بات ہے کہ آج پاکستان میں کرکٹ کی پروموشن کے لئے کرائی جانے والی چیمپئنز لیگ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہوں۔ میری کوشش اور خواہش ہوگی کہ گریس کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے اور لاہور بادشاہ اور رانا اکیڈمی کے ساتھ میچز کھیلے۔ اس موقع پر نکولیک نے کہا کہ گریس ایک چھوٹا ملک ضرور ہے لیکن کھیلوں کی ابتدا اسی ملک سے ہوئی۔ اس موقع پر ٹیسٹ کرکٹر خلیل احمد، گلوکار علی عباس اور زوہیب کو برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا گیا۔ بعدازاں مہمانوں نے چیمپئنز لیگ کے لوگو اور کھلاڑیوں کے یونیفارم کی نقاب کشائی کی۔