ہوبارٹ ٹیسٹ : سری لنکا 336 پر آﺅٹ‘ آسٹریلیا کی 141 رنز کی برتری

ہوبارٹ ٹیسٹ : سری لنکا 336 پر آﺅٹ‘ آسٹریلیا کی 141 رنز کی برتری


ہوبارٹ (اے پی پی) سری لنکا کی ٹیم ہوبارٹ ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا کی پہلی اننگز 450 رنز کے جواب میں 336 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ ہوبارٹ میں ٹیسٹ کے تیسرے روز سری لنکا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 87 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو تلکرتنے دلشان 50 اور اینجلو میتھیوز صفر پر ناٹ آﺅٹ تھے، دونوں بلے بازوں نے آسٹریلوی باﺅلرز کے خلاف اعتماد سے بیٹنگ کی اور پانچویں وکٹ میں 161 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 248 تک پہنچا دیا، اینجلو میتھیوز 75 رنز بنانے کے بعد پیٹر سڈل کا نشانہ بنے۔ تلکرتنے دلشان چھٹے آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 147 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مچل سٹارک کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ 316 کے مجموعی سکور پر پراسانا جائے وردنے 40 رنز بنانے کے بعد پیٹرسڈل کا شکار بن گئے، نوان کلاسیکرا 23 جبکہ رنگنا ہیراتھ اور چناکا ویلگیدرا بغیر کوئی رن بنائے آﺅٹ ہوئے۔ سری لنکا 114 رنز کے خسارے کے ساتھ 336 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ پیٹر سڈل نے 5 ‘تھن لائن نے دو جبکہ مچل سٹارک، بین ہلفنہاس اور شین واٹسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا نے کھیل کے اختتام تک بغیر کسی نقصان کے 27 رنز بنا کر مجموعی طور پر 141 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔ ایڈ کاﺅن 16 اور ڈیوڈ وارنر 8 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں۔