نیشنل گیمز : حکومت پنجاب، اولمپک ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات آج ہونگے


لاہور (سپورٹس رپورٹر) ڈپٹی سیپکر پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے کہا ہے کہ نیشنل گیمز کے انعقاد کے حوالے سے پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ خصوصی مذاکرات آج بروز پیر کو ہونگے۔ واہگہ بارڈر بھارت سے واپسی پر انکا کہنا تھا کہ صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ نیشنل گیمز کے تمام اخراجات پنجاب حکومت برداشت کرئے تو ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ پاکستان سپورٹس بورڈ اور کسی کھیلوں کی تنظیمیں ان کو تسلیم ہی نہیں کرتی ہیں۔ رانا مشہود کا کہنا تھا کہ صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں نیشنل گیمز کے انعقاد کو حتمی شکل دی جائے گی۔ پاکستان سپورٹس بورڈ اور کھیلوں کی تنظیمیں اگر ان کو نہیں مانتی تو کیے ممکن ہے کہ پنجاب حکومت کھیلوں پر اٹھنے والے اخراجات برداشت کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی فراہم کرئے۔ جہاں تک پنجاب حکومت کی کھیلوں کے فروغ کی بات ہے تو یہ بات کسی سے بھی ڈھکی چھپی نہیں ہم نے صوبے میں بین الاقوامی کھیلوں کا انعقاد کر کے ثابت کر دیا ہے کہ حکومت ملک میں انٹرنیشنل کھیلوں کا انعقاد کرا سکتی ہے۔