کھیلوں کی تباہی کا ذمہ دار سپورٹس بورڈ ہے : ادریس خواجہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ادریس حیدر خواجہ نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کی تباہی کا ذمہ دار پاکستان سپورٹس بورڈ ہے جس کی ناقص پالیسیوں کی بدولت کھلاڑیوں کا مستقبل تباہ ہو رہا ہے۔ پنجاب سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کھیلوں میں شب خون گروپ اپنے پنجے جما رہا اور پاکستان سپورٹس بورڈ شکست خوردہ عناصر کی سرپرستی کرکے انٹرنیشنل اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے پاکستان پر پابندی عائد کرانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مفاد پرست عناصر نے اب پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے خلاف کوئی اقدام کیا گیا تو صوبے کے ہزاروں کھلاڑیوں کے ہمراہ قومی اسمبلی کے باہر دھرنا دیا جائے گا۔ انہوں نے وزیراعظم میاں نواز شریف سے عبوری کمیٹی کی جانب سے کرائے جانے والی کھیلوں کا فرانزک آڈٹ کرانے کا بھی مطالبہ کیا۔