حنیف خان برطرف‘ طاہر زمان قومی ہاکی ٹیم کے کوچنگ پینل میں شامل

حنیف خان برطرف‘ طاہر زمان قومی ہاکی ٹیم کے کوچنگ پینل میں شامل

 لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قومی ٹیم مینجمنٹ میں معمولی تبدیلی کرتے ہوئے حنیف خان کی جگہ طاہر زمان کو کوچنگ پینل میں شامل کر لیا۔ ایشیا کپ کی تیاری کے لئے قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 21 جولائی سے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں شروع ہوگا۔ ہاکی ورلڈ لیگ کے فارمیٹ اور کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کی وجہ سے قومی ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی۔ ان خیالات کا اظہار ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف باجوہ نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص لوگوں کا ٹولہ پاکستان ہاکی کے خلاف سازشیں کر رہا ہے، ان کا مقصد صرف اور صرف کھلاڑیوں کو ڈی مورالائز کرنا ہے تاکہ ٹیم کی کارکردگی ناقص رہے۔ پاکستان ٹیم اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے ایشیا کپ میں پوری قوت کے ساتھ شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ میں تبدیلیاں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد کی گئی ہے۔ حنیف خان کی پاکستان ہاکی کے لئے بڑی خدمات ہیں جن کو سراہنا ضروری ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ان کے مشوروں سے مستفید ہوتی رہے گی۔ انہوں نے سابق اولمپئنز کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن اور ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنانے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تین لوگوں کا مخصوص ٹولہ پاکستان ہاکی کے خلاف سازشیں کرتا چلا آ رہا ہے ماضی میں بھی ان کی سازشوں پر کسی نے کوئی توجہ نہیں دی تھی اب بھی ان کی کوئی نہیں سنے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ان لوگوں کو دعوت دیتا ہوں کہ پاکستان ہاکی کی بہتری کے لئے ان کے پاس کوئی تجاویز ہیں تو آئیں پی ایچ ایف وہ تجاویز دیں اور مایوسیاں پھیلانی بند کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 2014ءکے عالمی کپ کو اپنا ہدف بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی فیڈریشن کے صدر قاسم ضیاءٹیم کے ہیڈ کوچ اختر رسول کے ساتھ مشاورت کے بعد طاہر زمان کو کوچنگ پینل میں شامل کیا گیا۔ دریں اثناءپاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشیا کپ کے لئے ٹیم میں تبدیلیوں کا عندیہ دیدیا۔ سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کا احتساب ہوگا۔ دریں اثناءکوچ طاہر زمان نے کہا کہ عہدہ کسی چیلنج سے کم نہیں۔ قومی ٹیم ایشیا کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی ورلڈ لیگ میں ٹیم کی کارکردگی اتنی مایوس کن نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں جیت کے لئے میدان میں اتریں گے جس کے لئے پلان موجود ہے۔ تربیتی کیمپ میں اس پر عمل کر کے کھلاڑیوں کو تیار کرینگے۔