ورلڈ کپ 2011ء کا معاملہ بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں : اعجاز بٹ

لاہور (اے ایف پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ کا کہنا ہے کہ وہ ابھی بھی ورلڈکپ میچز کا معاملہ بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک انٹرویو میں اعجاز بٹ نے کہا کہ پی سی بی نے ورلڈکپ کی مرکزی انتظامی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا‘ اس میں عدم شرکت کی وجہ صرف یہ تھی کہ یہ اب ایک قانونی معاملہ بن چکا ہے اور اسی لئے وہ اس پر تبصرہ بھی نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ یقینی طور پر وہ ابھی بھی ورلڈکپ کا معاملہ عدالت سے باہر طے کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں وہ جلد ہی آئی سی سی کے صدر ڈیوڈ مورگن سے ملاقات کریں گے۔ اعجاز بٹ کی ڈیوڈ مورگن سے 27 یا 28 جولائی کو ملاقات متوقع ہے۔