بھارت کا انکار‘ بلائنڈ ورلڈ کپ کا فائنل شارجہ میں ہو گا
لاہور ( اسپورٹس رپورٹر ) بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث بلائنڈ ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی پاکستان سے چھن گئی، فیصلہ کن معرکہ لاہور کی بجائے 20 فروری کو شارجہ میں ہو گا۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے باضابطہ طور پر اعلان کیا گیا ہے کہ بلائنڈ ورلڈ کپ کا فائنل مقابلہ20 جنوری کو شارجہ میں ہوگا۔بھارتی حکومت کا اپنی ٹیم کو فائنل کیلئے لاہور جانے کی اجازت دینے سے بھی انکار، بلائنڈ ورلڈ کپ فائنل لاہورسے شارجہ منتقل ،مودی سرکار کی پاکستان کے ساتھ دشمنی نے کھیلوں کو بھی متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔ بھارتی حکومت نے دوسری بار اپنی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو پاکستان کا سفر کرنے سے منع کردیا ہے جس کے باعث آرگنائرز نے بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کا فائنل لاہور سے شارجہ منتقل کردیا ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے عجمان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پوری کوشش تھی کہ فائنل پاکستان میں ہو لیکن بھارتی ٹیم کے فائنل میں آنے کے امکانات کے پیش نظر میگاایونٹ کا فائنل شارجہ میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں 21 جنوری کو شارجہ سٹیڈیم بک کرالیا ہے۔ کرکٹ ایسوسی آف دی بلائنڈ ان انڈیا کے صدرمہانتیش جی کے کا کہنا تھا کہ ہمیں ہمیشہ پاکستان میں کرکٹ کھیل کرخوشی محسوس ہوتی ہے اور ہماری بھرپورکوشش تھی کہ ہم ورلڈکپ کے میچزپاکستان میں کھیلیں مگر حکومت کیجانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث فی الحال ایسا ممکن نہیں جس کا ہمیں بہت افسوس ہے اورمیں پاکستانی شائقین کھیل سے معذرت چاہتا ہوں مگرمیں یقین دلاتا ہوں کہ بہت جلد بھارتی بلائنڈکرکٹ ٹیم دوطرفہ سیریزکھیلنے کے پاکستان کادورہ کرے گی۔