لاہور میں انڈر 16 کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا معاہدہ

لاہور(سپورٹس رپورٹر) لاہور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن اور مقا می بناسپتی کمپنی کے مابین انڈر16 کرکٹ اکیڈمی کے قیام کیلئے معاہدہ طے پاگیا۔ لاہور ریجن کی عبوری کمیٹی کے سربراہ ایزد حسین سید نے ایل سی سی اے میں بناسپتی کمپنی کے سی ای او سلمان خان سے ملاقات کی اور انڈر16 کرکٹ اکیڈمی کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی، اس موقع پر لاہور ریجن کی عبوری کمیٹی کے سربراہ ایزد حسین سید نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں تمام زونز کے ٹرائلز مکمل کر لیے گئے ہیں اور تمام زونز کی قائم کی گئی سلیکشن کمیٹیوں نے انڈر 16 کھلاڑیوں کے ناموں کو حتمی شکل دیدی ہے، عید الاضحیٰ کے فوراً بعد دوسرے مرحلہ میں انڈر16کرکٹ لیگ کا آغاز ہوجائے گا اور میچز کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 40 کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے ایل سی سی اے میں اکیڈمی لگائی جائیگی۔