پاکستان کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2013ءکی میزبانی مل گئی

پاکستان کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2013ءکی میزبانی مل گئی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان نومبر میں گیارہویں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2013ءکی میزبانی کے فرائض انجام دے گا۔ اس بات کا اعلان سید خاور شاہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ویسٹ ایشیا بیس بال فیڈریشن آف ایشیا/ سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال نے گذشتہ روز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بیس بال فیڈریشن آف ایشیا نے پاکستان کو گیارہویں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کی میزبانی سونپ دی ہے۔ پاکستان نومبر 2013ءمیں ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کی میزبانی کرے گا جس میں افغانستان، ایران، انڈیا، کویت، قازقستان، قطر اور سری لنکا شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جائے گا اور فائنل کے لئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو دعوت دی جائے گی۔